مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس یا اے آئی) کو طب میں استعمال کرنے والی ایک مشہور برطانوی کمپنی کا بنایا ہوا سافٹ ویئر کسی ڈاکٹر کے بغیر آنکھوں کے 10 امراض کی عین اسی طرح شناخت کرسکتا ہے جس طرح ایک تجربہ کار ماہرِ چشم اپنی رائے قائم کرتا ہے۔
مصنوعی ذہانت یا اے آئی کے اس پروگرام کو تربیت دینے کے لیے 15 ہزار سے زائد مریضوں کا ڈیٹا لے کر سافٹ ویئر کو اس پر تربیت دلوائی گئی ہے۔ ان میں سے کئی مریضوں کے ریٹینا اسکین کا ڈیٹا جمع کیا گیا تھا جسے او سی ٹی اسکین بھی کہا جاتا ہے۔
اس کمپیوٹر نظام کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ بروقت شناخت کرکے اس سے کئی افراد کی بینائی بچائی جاسکتی ہے۔ کیونکہ آنکھوں کے مرض کی بروقت شناخت کرکے آنکھوں کے کئی امراض سے بچا جاسکتا ہے۔یہ سافٹ ویئر 94 فیصد کیسوں میں آنکھوں کی 50 بیماریوں کی درست نشاندہی بھی کرسکتا ہے۔ سافٹ ویئر ہنگامی حالت مثلاً آنکھوں کے ریٹینا میں سوراخ یا میکیولر ڈی جنریشن کی صورت میں فوری طور پر بتاتا ہے کہ کس مریض کو پہلے توجہ کی ضرورت ہے۔
اس تکنیک کے شریک سربراہ ڈاکٹر مصطفیٰ سلیمان ہیں جو کہتے ہیں کہ بہت جلد مصنوعی ذہانت کو استعمال کرتے ہوئے پوری دنیا میں آنکھوں کے امراض کی شناخت میں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
اسے بنانے والی ٹیم کے مطابق اگلے تین سال میں برطانیہ کے 30 سے زائد اسپتال اس تکنیک کو استعمال کررہے ہوں گے۔ اس طرح آنکھ، دماغ اور دیگر کئی امراض کی شناخت میں مصنوعی ذہانت ڈاکٹروں کی مددگار اور معاون ثابت ہوسکے گی۔