نیویارک: دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس کی 23 سالہ بیٹی نے مصر سے تعلق رکھنے والے اپنے مسلمان دوست نائل نصر سے منگنی کرلی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 130 کھرب روپے کے مالک بل گیٹس کی 23 سالہ بیٹی جینیفر گیٹس نے اپنے ہم جماعت دوست نائل نصر کے ساتھ منگنی کرلی۔ دونوں کی دوستی امریکی یونیورسٹی میں دوران تعلیم چار سال قبل پروان چڑھی تھی۔ تعلیم کے مکمل ہوتے ہی دونوں منگنی کا فیصلہ کیا۔
جینیفر گیٹس کی اپنے دوست نائل نصر سے محبت کی داستان 2017ء سے زبان زد عام ہے اور خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ دونوں جلد ہی شادی کرلیں گے تاہم دونوں نے پہلے تعلیم مکمل کرنے کو ترجیح دی۔ جینیفر گیٹس اور نائل نصر نے اپنی منگنی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں تو مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا تانتا بندھ گیا تاہم ابھی باقاعدہ اور باوقار تقریب کا ہونا باقی ہے۔
جینیفر گیٹس نے اپنی پوسٹ پر لکھا کہ نائل میرے لیے سب سے موزوں ساتھی اور بہترین ہم سفر ہیں، ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ نہایت خوشگوار اور خوبصورت وقت گزارتے ہیں اور ایسے ہی خیالات کا اظہار 28 سالہ نائل نصر نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کیا۔
یاد رہے کہ بل گیٹس کئی برس تک دنیا کے امیر ترین شخص رہے تاہم اب وہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں اور پہلے نمبر پر ایمازون کے مالک جیف بزوس براجمان ہیں۔