Site icon Daira Din Panah – City Portal

دنیا کا مہنگا ترین انگور (روبی رومانیہ)

دنیا بھر میں انگوروں کی بہت سی اقسام کاشت کی جاتی ہیں۔ جاپان میں ہی انگوروں کی سینکڑوں اقسام پیدا ہوتی ہے۔ ان میں سے بہت سے انگور اتنے زیادہ مہنگے ہوتے ہیں کہ ان کا ایک ایک دانہ کئی سو ڈالر میں فروخت ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ ہم ایک دانے کی بات کر رہے ہیں، انگور کے پورے گھچے کی قیمت تو ہزاروں ڈالر میں ہوتی ہے۔روبی رومن بھی ایسا ہی ایک مہنگا انگور ہے۔

اسے بلاشبہ دنیا کا مہنگا ترین انگور کہا جا تا ہے۔روبی رومن کو جاپان کی اشیکاوا پریفیکچر میں بنایا گیا تھا۔
اس انگور کی کہانی کا آغاز 1995 میں ہوا تھا۔ اشیکاوا کے کسانوں نے پریفیکچرل ایگریکلچر ریسرچ سنٹر سے انگوروں کی بڑی سرخ قسم  تیار کرنے کی درخواست کی تھی ۔ریسرچ سنٹر نے اس مقصد کے لیے  400 تجرباتی پودے لگائے۔

400 جس میں سے صر ف4 پودوں پر سرخ انگور لگے۔ ان میں سے صرف ایک پودا ایسا تھا، جس کے انگور کسانوں کی توقعات کے مطابق کافی بڑے تھے۔اس کے بعد اس پودے پر مزید 14 سالوں تک تجربات ہوتے رہے۔ جس میں اس کا سائز  ، ذائقہ اور رنگت کو بہتر کیا جاتا رہا۔آج انگور کی اس قسم کو روبی رومن کے نام سے جانا جاتا ہے۔ روبی رومن کو اشیکاوا کا خزانہ کہا جاتا ہے۔
2008 میں روبی رومن کو تجارتی پیمانے پر فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔ اس انگور نے عالمی شہ سرخیوں میں اس وقت جگہ بنائی جب اس کا 700 گرام کا  ایک گھچا 10 ہزار ین یا 910 ڈالر  یا 26 ڈالر فی انگور کا دانے کے حساب سے فروخت ہوا۔اس انگور کو اب دنیا کا سب سے قیمتی انگور کہا جا تا ہے۔آٹھ سال بعد اس انگور کے 26 دانوں کا گھچا 1.1 ملین ین یا 11 ہزار ڈالر یا 370 ڈالر فی دانے کے حساب سے فروخت ہوا۔اگرچہ روبی رومن انگور کی قسم کا نام ہے لیکن  اس نام پر پورا اترنے کے لیے کافی سخت شرائط بھی ہیں۔ مثال کے طور پر روبی رومن اس انگور کو کہا جائے گاجس میں گھچے کے ہر دانے کا وزن کم از کم 20 گرام ہوگا اور اس میں شکر کی مقدار 18 فیصد ہوگی۔
روبی رومن میں ہی ایک پریمیم قسم بھی ہے۔ اس کے معیارات کافی سخت ہیں۔ پریمیم لیبل کے لیے  گھچے کے ہر انگور کے دانے کا وزن 30 گرام اور پورے گھچے کا وزن 700 گرام ہونا  چاہیے۔
عام لوگ تو روبی رومن  انگور خریدنے کا خواب ہی دیکھ سکتے ہیں ۔ اس کے گچھوں کو نیلامی میں فروخت کیا جاتا ہے ۔ تاہم پریمیم روبی رومن  کو تلاش کرنا کافی مشکل کام ہے۔مثال کے طور پر 2010 میں روبی رومن کے 6 گچھوں کو ہی پریمیم  کا لیبل دیا گیا  تھا۔ 2011 میں  کسی  گچھے کو پریمیم کا درجہ نہیں ملا۔اس وقت بھی روبی رومن کے ایک عام انگور کے دانے کی قیمت کم از کم  2000 ین یا 19 ڈالر ہوتی ہے۔
روبی رومن کی ویب سائٹ کے مطابق  انگور کی اس قسم میں بہت کم تیزابیت اور بہت زیادہ شکر  اور رس ہوتا ہے۔جس کی وجہ سے منہ مٹھاس سے بھر جاتا ہے۔
اس انگور کو روبی رومن کا نام اشیکاوا کے رہائشیوں نے دیا تھا۔ یہ نام 639 ناموں میں سے چنا گیا ہے۔ نام کا انتخاب ووٹ کے ذریعے ہوا تھا۔

Exit mobile version