مانسہرہ: جے یو آئی (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ پرنامعلوم ملزمان نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مانسہرہ میں نامعلوم افراد نے مفتی کفایت اللہ کی گاڑی کوٹکر ماری جس کے بعد 5 افراد نے آہنی راڈ سے ان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں مفتی کفایت اللہ ان کے بیٹے اور ایک ساتھی بھی زخمی ہوئے۔
پولیس نے بتایاکہ حملے میں مفتی کفایت اللہ کا ہاتھ فریکچر ہوا ہے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مفتی کفایت اللہ کے بیٹے حسین کفایت اللہ کا کہنا ہے کہ کچھ گاڑیوں نے تعاقب کرنے کے بعد انہیں روکا اور اسلحہ تان کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو مفتی کفایت اللہ کو آزادی مارچ کے لیے چندہ جمع کرنے پر اسلام آباد سے گرفتار کر کے ہری پورجیل منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد سرکٹ کے حکم پر ان کی رہائی عمل میں آئی تھی۔