تحریک انصاف نے صوبہ جنوبی پنجاب کا ابتدائی سیٹ اپ بنانے کی تیاریاں شروع کردیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے 100 دنوں کے اندر صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کے اقدامات کے پیش نظر ملتان میں صوبہ جنوبی پنجاب کا ابتدائی سیٹ اپ بنانے کیتیاریوں کوعملی جامہ پہنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ابتدائی طور پر ملتان کو صوبہ جنوبی پنجاب کا مرکز بنا کر یہاں ڈپٹی چیف سیکریٹری سطح کا افسر تعینات کرنے کے علاوہ صوبائی محکمہ کا سیکریٹری تعینات کر دیا جائے گا اور گریڈ 17 تک کے افسران کے تقرر و تبادلوں کا اختیار ملتان میں اس سکریٹریٹ میں منتقل کیا جائے گا جس میں پولیس کے ڈی ایس پی لیول اور اسسٹنٹ کمشنرز کے تبادلے‘ تقرریاں یہاں سے ہوں گی۔دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مختلف معاملات پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا عمران خان کا وژن ہے۔پی ٹی آئی وفد میں اسد قیصر، پرویز خٹک، عمر ایوب اور فواد چوہدری شامل تھے جنہوں نے اسپیکر ہاؤس میں ایاز صادق سے ملاقات کی۔ملاقات میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وفد نے ایاز صادق کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہپی ٹی آئی چاہتی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن معاملات مشاورت سے چلائیں جب کہ پی ٹی آئی وفد نے الیکشن سے متعلق تحفظات پر بھی بات کرنے کی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور اسپیکر پہلے اجلاس کی کارروائی قواعد کے مطابق چلاؤں گا۔ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں سے ورکنگ ریلیشنز کو اہم سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ساتھ نہیں چلیں گے تو معاملہ آگے نہیں بڑھے گا، مختلف معاملات پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا عمران خان کا وژن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق سے ملاقات کا مقصد (ن) لیگ کے پارلیمانی رہنما کو تقریب میں شرکت کی دعوت دینا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) اور دیگر جماعتوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں جب کہ شام کو پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مسائل میں گھرا ہوا ہے، معیشت سمیت دیگر اہم امور پر چیلنجز درپیش ہیں لہذا تمام مسائل کو مل کر حل کرنا چاہتے ہیں، اس وقت ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ 13 اگست کو قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس بلایا گیا ہے جس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔