سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے ہزاروں جعلی اکاؤنٹس معطل کردیے، جس کے بعد اہم شخصیات کے فالوورز کم ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ٹوئٹر گزشتہ ایک سال سے جعلی اکاؤنٹس کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، اس ضمن میں ویب سائٹ نے لاکھوں اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے سے قبل معطل کردیا تھا۔ حال ہی میں نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا۔ ٹوئٹر نے ایک ہی دن میں 10 لاکھ ایسے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کردیے، جن سے متعلق خدشہ تھا کہ وہ جعلی ہیں۔ ان اکاؤنٹس کو پہلے معطل کیا تھا، جس کے بعد انہیں تصدیق
کے لیے ٹوئٹر نے پیغامات بھی بھیجے، مگر کوئی جواب موصول نہ ہونے کے بعد انہیں ڈٰیلیٹ کردیا گیا۔ جعلی اکاؤنٹس کے ڈیلیٹ اور معطل ہونے کے بعد کئی اہم اور بڑی شخصیات نے اپنے فالوورز کم ہونے کی شکایت بھی کی تھی، جس کے بعد 2 دن قبل ہی ٹوئٹر نے وضاحتی بیان جاری کیا۔ ٹوئٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ویب سائٹ نے گزشتہ ایک سال سے جاری آپریشن کے تحت لاتعداد اکاؤنٹس کو معطل کر رکھا ہے۔ بیان کے مطابق ان اکاؤنٹس میں ایسے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں جو غیر معمولی طور پر زیادہ متحرک ہیں، مگر وہ تصدیق شدہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی بھی تصدیقی عمل میں ادارے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے اکاؤنٹس کو معطل یا ڈیلیٹ کیا گیا، تاہم بتایا گیا کہ اس عمل سے کئی معروف شخصیات کے کم سے کم 4 فالوورز کم ہوں گے۔ بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کو معطل کیے جانے کے بعد معروف شخصیات کے ہزاروں فالوورز کم ہوجائیں گے۔ ایک اندازے کے مطابق معروف شخصیات کے فالوورز میں سے 6 فیصد ایسے ہیں، جو غیر تصدیق شدہ اور جعلی اکاؤنٹس چلاتے ہیں۔ جعلی اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیے جانے کے بعد جن شخصیات کے فالوورز سب سے زیادہ کم ہوں گے ان میں امریکی گلوکارہ کیٹی پیری، سابق امریکی صدر براک اوباما، حالیہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر، گلوکارہ ریحانہ، ٹیلر سوئفٹ اور ٹی وی اسٹار کم کارڈیشن شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ٹوئٹر کی اس کارروائی سے بولی وڈ اداکار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، عامر خان، سلمان خان، دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا اور ہریتھک روشن کے فالوورز بھی کم ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح ٹوئٹر کے جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ ہونے کے بعد پاکستان کی اعلیٰ شخصیات کے فالوورز بھی کم ہوں گے۔ ایک اندازے کے مطابق اس کارروائی سے سب سے زیادہ کیٹی پیری کے 25 لاکھ فالوورز کم ہوجائیں گے۔