Site icon Daira Din Panah – City Portal

ایف آئی اے کا ایف آئی اے کے دفتر پر چھاپہ

کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ایف آئی اے کے جعلی دفتر پر سائبر کرائم سرکل نے چھاپہ مارا تو مسلح افراد نے اہلکاروں پر دھاوا بول دیا۔ جعلی ایف آئی اے اہلکاروں نے باڈی بلڈنگ کلب سے درجنوں افراد کو بلایا جنہوں نے ایف آئی اے کی ٹیم پر حملہ کر دیا۔

سولجر بازار میں ایف آئی کے جعلی دفتر میں موجود جعلی اہلکار فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج نے ایف آئی اے کے جعلی دفتر کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ٹارچر سیل میں تشدد کرنے والے 2 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، تشدد میں ملوث افراد کی شناخت دانش جینیا اور جبران کے ناموں سے ہوئی۔ واقعے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی، مقابلہ، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جعلی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ نبی بخش تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ دانش اور جبران کے ناموں کو ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے درخواست دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹارچر سیل میں جن شہریوں کی برہنہ ویڈیوز بنائی گئی تھیں وہ بھی ایف آئی اے کے دفتر پہنچ گئے جبکہ واقعے کا مقدمہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں بھی درج کیا جا رہا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے 3 افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی۔

Exit mobile version