Site icon Daira Din Panah – City Portal

ایشین گیمز: 19 سالہ نرگس نے ویمنز کراٹے میں پاکستان کو پہلی بار تمغہ دلادیا

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ایشین گیمز میں پاکستان کو دوسرا تمغہ بھی مل گیا۔

کراٹے میں پاکستان کی 19 سالہ نرگس حمید اللہ نے نیپالی کھلاڑی کو شکست دیکر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ایشین گیمز کے کراٹے کے 68 پلس کیٹیگری میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی نرگس حمید اللہ نے نیپالی ایتھلیٹ کو 1-3 سے شکست دی۔

ایشین گیمز کے ویمنز کراٹے میں پاکستان نے پہلی بار کوئی تمغہ حاصل کیا ہے۔

کانسی کا تمغی جیتنے والی نرگس حمید اللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے میڈل حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی تھی جس کا صلہ انہیں مل گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے جکارتہ میں جاری ایشین گیمز میں اب تک صرف دو تمغے حاصل کیے ہیں اور دونوں ہی کانسی کے تمغے ہیں۔

کراٹے کے علاوہ پاکستان کو مینز کبڈی میں کانسی کا تمغہ ملا ہے۔

ایشین گیمز میں اب تک ہونے والے مقابلوں کے بعد چین 153 تمغوں کے ساتھ سب سے آگے ہے جس میں 72 گولڈ، 51 سلور اور 30 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔

109 تمغوں (34 گولڈ، 31 سلور، 44 کانسی) کے ساتھ جاپان دوسرے اور 84 تمغوں (25 گولڈ، 26 سلور، 33 کانسی) کے ساتھ جنوبی کوریا تیسرے نمبر پر ہے۔

بھارت نے میگا ایونٹ میں 7 گولڈ ، 5 سلور اور 17 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔

Exit mobile version