لاہور: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے فوربز میگزین کے مطابق 2019ء کے دوران 8 سالہ بچے ریان کاجی نے 26 ملین ڈالر (تقریباً چار ارب پاکستانی روپے) کما کر سب کو حیران کر ڈالا، یہ رقم انہوں نے یو ٹیوب چینل سے کمائی۔ جو یو ٹیوب چینل کے ذریعے کمائی جانے والی سب سے زیادہ رقم ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 8 سالہ بچے ریان کاجی، جس کا اصل نام ریان گوآن ہے، اس سے قبل 2018ء کے دوران بھی ویڈیو پلیٹ فارم کے ذریعے سب سے زیادہ پیسے کما چکے ہیں، اس وقت ان کی کمائی 22 ملین امریکی ڈالر (تقربیاً تین ارب 20 کروڑ روپے) تھی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ریان کاجی کے یو ٹیوب پر ویڈیو چینل کا نام ’’ریان ورلڈ‘‘ ہے، جو 2015ء میں ریان کے والدین کی طرف سے لانچ کیا گیا تھا، حیران کن طور پر ان تین سال کے عرصے کے دوران انہوں نے یو ٹیوب پر 2 کروڑ 29 لاکھ سبسکرائبرز ہیں۔
شروع میں انہیں ’’ریان ٹویز ریویو‘‘ کے نام سے پکارا جاتا تھا، اس چینل کے ذریعے شروع میں ویڈیوز اپ لوڈ کی جاتی تھیں۔ ہزاروں ویڈیوز پر مشتمل انکے ویڈیو چینل میں ایک حیران کن چیز یہ بھی ہے کہ ان کی متعدد ویڈیوز کو ایک ارب سے زائد دیکھا جا چکا ہے۔ تین سالوں کے دوران ان کی یو ٹیوب ویڈیوز کو 35 ارب لوگوں نے دیکھا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔