امریکا کی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے۔جنرل غلام علی ابوحمزہ
اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب بھی ایران کے نشانے پر ہے
ایران کی غیر سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل غلام علی ابوحمزہ واضح الفاظ میں امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ امریکا سے لیں گے، امریکی جہاں بھی ایران کی پہنچ میں ہوں گے، انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔
ایران کے جنوبی صوبہ کرمان میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل ابو حمزہ کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ شہید جنرل سلیمانی کی موت پر ایران امریکا سے بدلہ لینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ آبنائے ہرمز ایک اہم مقام ہے جہاں سے بڑی تعداد میں مغربی اور امریکی بحری جنگی جہاز گزرتے ہیں، اس علاقے میں ایران اہم امریکی اہداف کافی پہلے ہی طے کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں 35 کے قریب امریکی اہداف کے ساتھ ساتھ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب بھی ایران کے نشانے پر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ترجمان پاسداران انقلاب کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ امریکا کی اس وقتی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے۔
دوسری جانب عراقی ٹیلی وژن نے قاسم سلیمانی کی گاڑی پر ڈرون حملے کی مبینہ سی سی ٹی وی ویڈیو بھی جاری کردی ہے تاہم برطانوی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ فی الحال تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ یہ جنرل سلیمانی پر حملے کی ہی ویڈیو ہے۔
ادھر بغداد میں جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد ایرانی میجر جنرل قاسم سلیمانی اور دیگر رفقاء کی میتیں کربلا پہنچادی گئیں، میتوں کو امام حسینؓ کے روضے سے نجف اشرف لے جایا گیا۔
جنرل سلیمانی کی میت کو مشہد الرضا کی زیارت کے بعد تہران منتقل کیا جائے گا اور امکان ہے کہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ تہران میں پیر کوادا کی جائے جس کے بعد انہیں آبائی صوبہ کرمان میں سپرد خاک کیا جائےگا۔