Site icon Daira Din Panah – City Portal

اسلامی امور کے نئے سعودی وزیر فقہ کے ماہر اور معتدل سماجی فکر کے حامل

ریاض(این این آئی)سعودی فرماں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک شاہی فرمان کے ذریعے ڈاکٹر شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز بن عبدالرحمان آل الشیخ کو اسلامی امور ، دعوہ اور ارشاد کا وزیر مقرر کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈاکٹر آل الشیخ اس سے پہلے سعودی عرب میں مختلف محکموں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔وہ اسلامی فقہ میں مہارت کی شہرت رکھتے ہیں۔وہ سعودی جنرل پریزیڈینسی میں ڈائریکٹر جنرل تحقیقات اورسینئر علماء کی کونسل میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل دوم کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے حامل ہیں اور انھوں نے امام محمد بن سعود
اسلامی یونیورسٹی سے اسلامی فقہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی۔وہ سعودی عرب کے کمیشن برائے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔انھوں نے مذہبی پولیس کے نام سے معروف اس محکمے میں متعدد اصلاحات کی تھی اور اس کے اہلکاروں کو لوگوں کا پیچھا کرنے سے روکا تھا۔انھوں نے گذشتہ برسوں کے دوران میں سیاسی اسلامی گروپوں کے بارے میں میڈیا میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

Exit mobile version