نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے معذوراور شدید بیمار افراد کیلیے شناختی کارڈ کے حصول اور اس سے متعلق تمام تر مسائل کے حل کو اب بے حد آسان کردیا ہے۔
نادرا کی جانب سے پاکستان بھر میں ’مین پیک موبائل یونٹس‘ سروس پیش کی گئی ہے جو کہ خاص طور پر معذور ، خصوصی لوگ اور شدید بیمار افراد کی پریشانی کو حل کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
اس حوالے سے نادرا نے ٹوئٹر پر ایک اعلان کیا اور اس سروس کی تفصیلات سے عوام کو آگاہ بھی کیا ہے۔
موبائل یونٹ سروس کے ذریعے معذور، خصوصی افراد اور شدید بیمار افراد کی رجسٹریشن کا تمام تر عمل گھر بیٹھے یعنی گھر پر ہی کیا جائے گا۔
اس سروس کے بعد تمام ترایسے افراد جو کہ اپنی شدید بیماری یا معذوری کے باعث نادرا کے دفتر جانے سے قاصر ہیں انہیں گھر پر تمام سہولت فراہم کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی نادرا کے چیئرمین عثمان یوسف مبین نے خواتین کو سہولت پہنچانے کے لیے ایک احسن اقدام کیا تھا جس میں انہوں نے جمعے کا روز خاص طور پر خواتین کے لیے مختص کیا تھا۔